کراچی(اسٹاف رپورٹر)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے موقع پر فین کلب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔9جون نیویارک میں ہونے والے میچ سے سات سمندر پار اور کئی ہزار کلو میٹر دور راولپنڈی میں پاکستانی شائقین بڑی اسکرین پر میچ دیکھیں گے۔آئی سی سی کی جانب سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران مختلف میچز کے لیے 5 ملکوں میں 9 فین پارک بنانے کا اعلان کیا گیا ہے جو ہر میچ سے 90منٹ پہلے شائقین کرکٹ کے لیے کھول دیے جائیں گے، یہ فین پارک راولپنڈی، نئی دہلی، برمنگھم، جوہانسبرگ اور ٹیکساس میں لگائے جائیں گے۔مجموعی طور پر ان9فین پارکس میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 22 میچز براہ راست دکھائے جائیں گے، ان پارکس میں عوام کی تفریح کے لیے ڈی جے سمیت کھانے پینے کا بھی بھرپور انتظام کیا جائے گا، یہ آئی سی سی کی اب تک کی سب سے بڑی براڈ کاسٹ ہوگی۔آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا میچ 9 جون کو نیویارک میں ہوگا لیکن 11 ہزار کلو میٹر دور راولپنڈی میں موجود شائقین کرکٹ بھی اپنے شہر کے اسٹیڈیم میں اس میچ کا مزہ لیں گے۔