اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی مزید مقدمات میں گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ پی ٹی آئی ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ شاہ محمود قریشی کی کسی بھی مقدمے میں گرفتاری کا کوئی جواز موجود نہیں۔ جن مقدمات میں شاہ محمود قریشی کی گرفتاری ڈالی گئی ان تمام مقدمات میں عدالت نے انہیں ضمانت دے رکھی ہے۔ سائفر مقدمے کا ردی کی ٹوکری کی نذر ہونا یقینی ہے چنانچہ عدالتی فیصلے کو عملاً غیر موثر کرکے انہیں قید میں رکھنے کیلئے قانون کی پھر سے دھجیاں اڑائی گئی ہیں۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کو عمران خان کے نظریے پر جم کر کھڑا رہنے کی سزا دی جا رہی ہے۔