اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جیل میں بیٹھے شخص کو سفارتی محاذ پر ملنے والی کامیابیاں اور ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی، وہ 1971ءکے واقعہ کو غلط رنگ میں پیش کر رہا ہے یہ لوگ خودکو شیخ مجیب سے ملاتے ہیں،عمران کی سازش کامیاب نہیں ہوگی ، ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک ریاض 190 ملین پائونڈ کے کیس میں شامل تفتیش ہی نہیں تو ان پر دبائو کس بات کا ہے، شامل تفتیش ہونے والے ہی وعدہ معاف گواہ بن سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ میں ریلیف کی فراہمی وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، بجٹ پر تفصیلی بریفنگ ہوگی انہوں نے کہا کہ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ”ایکس“ پر پابندی نگران حکومت نے لگائی تھی، یہ معاملہ عدالت میں ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم نے پچھلے دو دنوں میں ناروے اور آئرلینڈ کے وزراء اعظم سے فون پر گفتگو میں اپنے موقف سے آگاہ کیا جس کا بہت اچھا تاثر جائے گا کہ دنیا کے کچھ ممالک ہیں جو غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پی ڈی ایم حکومت کے دوران بھی وزیراعظم نے یو این جنرل اسمبلی سے خطاب میں فلسطینیوں کے حق کی بات کی تھی جبکہ ورلڈ اکنامک فورم میں بھی وزیراعظم نے واضح موقف اپنایا تھا، ہم جنگ بندی چاہتے ہیں، غزہ اور رفح میں مظالم بند کئے جائیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہم تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتے ہیں،ایس آئی ایف سی کے تحت عالمی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے سات ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جن میں چین، قطر، یو اے ای، سعودی عرب، یورپی یونین، امریکہ اور مشرق بعید کے ڈیسک شامل ہیں ، یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے 10 ارب ڈالر مختص کرنے کی خبر جاری کر دی ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی خاصی پیشرفت ہوئی ہے، جلد معاہدوں پر دستخط ہوں گے،چند دنوں میں وزیراعظم چین کا دورہ بھی کریں گے اس دورے کی بھرپور تیاری کی جا رہی ہے۔