کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم سینیٹر مصد ق ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف کا عملی اور پارٹی سیاست میں واپس آنے سے سیاسی درجہ حرارت نیچے آئے گا، نواز شریف اسٹیٹسمین ہیں ان کے پارٹی صدر بننے سے سیاسی گفتگو کے دروازے کھلیں گے، میرا گمان ہے نواز شریف وزیراعظم شہباز شریف کو اشارہ کردیں تو کل حکومت نہیں ہوگی.
حریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ علامتی طور پر عمران خان کا شیخ مجیب الرحمٰن سے موازنہ کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے، یہ کہنا ٹھیک نہیں ہوگا کہ عمران خان سیاسی قوتوں سے بات کرنے کے مخالف ہیں، پی ٹی آئی بہت سی سیاسی جماعتوں سے بات چیت کررہی ہے، ہمیں تین سیاسی جماعتوں پر ہمارا مینڈیٹ چرانے کا اعتراض ہے، وہ سیاسی قوتیں جنہوں نے ہمارا حق مارا ان سے بات نہیں کرنا چاہتے تو کوئی بری بات نہیں ہے،مولانا فضل الرحمٰن سے انتہائی اختلافات کے باوجود بات چیت چل رہی ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم سینیٹر مصد ق ملک نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وفاقی وزراء کے ساتھ بات چیت خوش آئند ہے، علی امین گنڈا پور کا وفاقی وزراء کے ساتھ بیٹھنا بریک تھرو ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ میٹنگ میں ملکی و صوبائی مسائل پر اچھے انداز میں بات کی گئی، خواہش ہے اسی طرح معاملات آگے چلتے رہیں، عمران خان ’پاکستان نہیں‘ کہنے سے بڑے لیڈر نہیں بن جائیں گے، ایسی باتیں علامتی طورپر بھی کرنے سے ناامیدی پیدا ہوتی ہے، سیاسی تنائو اس قدر بڑھ گیا ہے کہ کمیٹیوں میں بھی گفتگو نہیں کرپاتے۔