کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے ملک خصوصا سندھ میں بحرانی کیفیت، لاقانونیت، امن وامان کی مخدوش صورتحال، مخالفین کیخلاف انتقامی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جی ڈی اے کے چیف کوآرڈی نیٹر صدرالدین شاہ راشدی کہتے ہیں کہ پورا ملک وینٹی لیٹر پر ہے پاکستان کے اصل مالکان عوام اور ملک کی حالت پر رحم کریں احساس محرومی میں نصف پاکستان گنوایا باقی مانندہ ملک پر رحم کیا جائے، ہم سندھ کے عوام کو روک کر بیٹھیں ہیں نہیں چاہتے کہ کشمیر جیسا حال سندھ میں بھی ہو۔ ان خیالات کا اظہار صدرالدین شاہ راشدی نے پیر صاحب پگارا کی صدارت میں جی ڈی اے کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کیا۔سابق وفاقی وزیر مرتضیٰ خان جتوئی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں سید صدر الدین شاہ راشدی، ،ڈاکٹر صفدر عباسی، سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی، سید زین شاہ، ایاز لطیف پلیجو، سردار عبدالرحیم، سائرہ بانو، بیرسٹر حسنین مرزا، عرفان اللہ مروت، نند کمار گوکلانی، ارباب انور جبار، زوہیب شاہ، جلال شاہ جاموٹ،غلام دستگیر راجڑ، عبدالرزاق راہموں، راضی خان جتوئی، ایم پی اے فوزیہ کوثر اور ڈاکٹر رفیق بانبھن سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے۔ صدرالدین شاہ راشدی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں لاقانونیت عروج پر ہے، سندھ میں قانون کے ادارے لاقانونیت کا بیج بو رہے ہیں اہم عہدوں پر براجمان لوگ سندھ کی صورتحال کا نوٹس لیں ایسا نہ ہو کہ دیر ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مخالفین کی ایف آئی آر تک درج نہیں کررہی، میاں نواز شریف جب پیر صاحب سے ملنے آئے تھے تو ان پر واضح کیا تھا کہ سندھ میں نگراں سیٹ اپ ماضی کا تسلسل ہے یہ سب سسٹم کا حصہ ہے۔