• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنز کپ ہاکی آج شروع: پاکستانی ٹیم ملائیشیا کیخلاف قسمت آزمائیگی

کراچی( اسٹاف رپورٹر) نیشنز کپ ہاکی جمعے سے پولینڈ کے شہر گنیز نو میں شروع ہوگا۔ اذلان شاہ کپ کی سلور میڈلسٹ پاکستانی ٹیم اپنی مہم کا آغاز ملائیشیا کے خلاف کرے گی۔میچ کیلئے پولینڈ میں موجود پاکستانیوں نے خاصی دل چسپی کا اظہار کیا ہے اور بڑی تعداد میں ٹکٹ خریدے ہیں پہلے روز تین دیگر میچوں میں فرانس کا مقابلہ کینیڈا سے جنوبی افریقا کا آسٹریلیا سے اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ میزبان پولینڈ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم اگلے سیزن میں ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ میں جگہ بنائے گی۔ پاکستان پول بی میں کینیڈا، فرانس اور ملائیشیا کا سامنا کرے گا۔ پاکستانی نے جمعرات کو دو گھنٹے پریکٹس کی۔ کپتان عماد شکیل بٹ نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ تیاری اچھی ہے، بہترین کار کردگی دکھانے کی کوشش کریں گے، تمام ٹیمیں مضبوط ہیں، کوشش ہے کہ فاتح کے طور پر وطن واپس جائیں۔ مجموعی طور پر یہ دونوں ملکوں کے درمیان37واں مقابلہ ہوگا۔ پاکستان نے20 جیتے،پانچ ہارے اور 11 ڈرا ہوئے ہیں۔ دونوں کے درمیان پہلا میچ1968کے اولمپکس گیمز میں20 اکتوبر کو کھیلا گیا جس میں پاکستان نے صفر چار سے فتح حاصل کی جبکہ آخری میچ پچھلے ماہ اذلان شاہ کپ میں کھیلا گیا جو پاکستان نے 5-4 سے جیتا۔

اسپورٹس سے مزید