کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق کے سوال ن لیگ یا پی ٹی آئی کس کا موقف درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہاکہ سپریم کورٹ میں تمام کیسوں کی لائیو نشریات نہیں ہوتی ہیں، نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر نہ ہونے کے معاملہ میں عمران خان کا کردار مرکزی ہے.
نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر نہ کرنے سے متعلق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت باقی تین ججوں کا موقف درست ہے،پروگرام میں تجزیہ کار مظہر عباس،فخر درانی ،محمل سرفراز اورعمر چیمہ نے اظہار خیال کیا۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کیس کی سماعت براہ راست نشر کرنے سے متعلق جسٹس اطہر من اللہ کا موقف درست ہے، جسٹس اطہر من اللہ عمران خان کو لائیو دکھانے کی بات نہیں کررہے۔