• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپٹی کمشنرز کی ترقی کارکردگی سے مشروط، روٹی، بریڈ اب مہنگی نہیں ہونی چاہئیں، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(نمائندہ جنگ) وزیراعلی ٰپنجاب مریم نوازشریف نے ڈپٹی کمشنرز کی پروموشن کارکردگی سے مشروط کرنے اور صوبے بھر میں روٹی اور بریڈ،کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیر اعلیٰ کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول اور دیگر امور کا جائزہ لینے سے متعلق خصوصی اجلا س منعقدہ ہوا جس میں مانیٹرنگ کے اشاریوں سے ڈپٹی کمشنر زکی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے اچھی پرفارمنس پر نارووال، ننکانہ صاحب، حافظ آباد اور مری کے ڈپٹی کمشنر ز کو شاباش دی۔ اجلاس میں نرخ کے استحکام، ڈویلپمنٹ سکیم، شادی کے کھانے میں ون ڈش کی پابندی، تعلیم اور صحت کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانور وں کی فروخت پر فیس عائد کرنے سے روک دیا اور کہا کہ امید ہے ہر ڈی سی کام کرے گا، واضح فرق نظر آنا چاہیے۔روٹی کے نرخ مستحکم ہونے تک مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے ،پرائس مقرر ہونے کے بعد عملدرآمد ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہے ، ہسپتالوں میں صاف پانی، مریضوں کے ویٹنگ ایریا میں شیڈ بنائے جائیں اورپنکھے بھی نصب کئے جائیں ، کسی شہر یا دیہات سے گندے پانی کے جوہڑ کی موجودگی کی شکایت نا قابل قبول ہے،صفائی کے انتظامات اور سروسز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرزسپیشل ایجوکیشن سکولوں کا بھی ہفتہ وار وزٹ ضرور کریں۔سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کے بارے قبل از وقت رپورٹ پیش کرکے مرمت یقینی بنائی جائے ،سٹریٹ لائٹ اور فلٹر یشن پلانٹ کے بارے میں باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے فرانس کے سفیر نکولس گیلے اور اکنامک قونصلر لارینٹ چوپیٹن نے ملاقات کی موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات سمیت مختلف سیکٹرز میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب سے پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ کی قیادت میں 22رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد میں اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے مقامی سربراہ شامل تھے- تعلیم، صحت، زراعت اوردیگر شعبوں میں اشتراک کار مزید بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔اقوام متحدہ کے اداروں کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلی نے ایجوکیشن اور ہیلتھ سیکٹر ریفارمز اورحکومتی پالیسی سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر سیکٹرمیں بہتری اور اصلاحات میری ترجیحات میں شامل ہیں،ہر عوامی مسئلہ اورمعاملہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں۔یو این کے اداروں کے اشتراک سے ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی پورا کریں گے۔ نوازشریف آئی ٹی سٹی کو پاکستان کی سیلی کان ویلی بنائیں گے ، لاہور ہی نہیں پنجاب کے ہر شہر کی ترقی میری ترجیحات میں شامل ہے۔

اہم خبریں سے مزید