اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کردیا۔پی ٹی آئی ترجمان ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہم سمجھتے کہ ہیں قاضی فائزعیسیٰ جب سے چیف جسٹس بنےہیں ہمیں انصاف نہیں مل رہابدقسمتی سے جس طرح کے فیصلے آرہے ہیں اس میں جانبداری نظر آرہی ہے‘سیاسی معاملات میں عدالت کا کندھا استعمال نہیں ہونا چاہیے، عدالت کو بھی اپنے آپ کو استعمال نہیں کرنے دینا چاہیے۔
کور کمیٹی نے کہا ہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ ہمارے کیسز میں نہ بیٹھیں‘بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ حمودالرحمان کمیشن رپورٹ کو پروموٹ کریں‘ لوگوں کو پتا چلنا چاہیے کہ ماضی میں ہم سے کیا غلطیاں ہوئی ہیں۔اتوارکو ایک انٹرویو میں رؤف حسن کا کہنا تھا کہ انصاف پہلے بھی نہیں ملتا تھا لیکن اب تو ہماری پٹیشن دیکھی ہی نہیں جارہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو خود ہمارے کیسز سے الگ ہوجاناچاہیے تھا، سمجھتے ہیں ججز کا کسی وجہ سے بینچز سے الگ ہونا اچھی روایت نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ عدت کیس میں جج کو پہلے درخواست کی گئی تھی کہ کیس سے الگ ہوں، جج نے عدت کیس سے الگ ہونے سے انکار کردیا تھا، جس دن عدت کیس کا فیصلہ آنا تھا اسی دن جج الگ ہوگئے، ہمیں پتا تھا کہ عدت کیس کا میرٹ پر کیا فیصلہ ہونا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹوئٹ سے متعلق ایف آئی اے طلبی کا نوٹس مجھے مل چکا ہے ، ایف آئی اے نے بدھ کو 11 بجے طلب کیا ہے، کچھ سوال پوچھے ہیں، ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ویڈیو سے مختلف خدشات نے جنم لیا ہے۔
رؤف حسن نے کہا کہ پارٹی میں رائے ہے کہ ہمیں انصاف نہیں مل رہا اور نہ ملنے کا امکان ہے، پارٹی میں رائے ہے ہمیں اپنا مقدمے پیش کرنے کے لیے ہر فورم استعمال کرنا چاہیے، ہمارے پاس سب سے مضبوط پلیٹ فارم اس وقت سوشل میڈیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ٹوئٹ پر پوسٹ ہونے والا مواد خود نہیں دیکھا، ٹوئٹ پوسٹ ہونے کے بعد میری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ رؤف حسن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کورکمیٹی نے پوسٹ کی گئی ویڈیو کو اون کیا ہے، پوسٹ کی گئی ویڈیو پر بانی پی ٹی آئی کی رائے ملاقات کے بعد پتا چلے گی۔
انھوں نے کہا کہ ویڈیو کا معاملہ ہماری لیگل کمیٹی کے پاس ہے‘ آج اس کا ان پٹ آئے گا، لیگل کمیٹی کی رائے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنی ہے یا نہیں۔