کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ جب سے میں کپتان بنا ہوں ذاتی اہداف پیچھے رکھ دیے ہیں۔میری کپتانی میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سیمی فائنل اور فائنل کھیل چکا ہے لیکن اس با ورلڈ کپ جیتنا چاہتا ہوں۔ بھارت، پاکستان میچ کی بات ہی کچھ اور ہے جس میں صرف کھلاڑی ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے شائقین میں زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ یہ پریشر گیم ہوتا ہے۔ اگر آپ اس میچ میں خود کو جتنا فوکس اور بنیادی باتوں پرتوجہ رکھیں گے چیزیں آسان رہیں گی۔اتوار کو پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ میرے اسٹرائیک ریٹ پر بہت زیادہ بات ہوتی رہی ہے۔ جب احساس ہوا کہ اسٹرائیک ریٹ بہتر ہونا چاہیے تو اس پر کافی کام کیا ہے۔ اصل میں صورت حال کو دیکھنا ہوتا ہے ۔ میں کریز پر جاکر کچھ وقت لیتا ہوں، میرا گیم وہ نہیں ہے کہ جاتے ہی چھکے ماروں۔ صائم اور فخر نہیں بن سکتا لیکن یہ پتہ ہے کہ اپنے کھیل کو کیسے اوپر لے جاسکتے ہیں ۔ بابراعظم نے اس تاثر کو بھی یکسر مسترد کردیا کہ وہ اپنے لیے کھیلتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا بالکل نہیں ہے اگر اپنے لیے کھیلنے لگیں تو پھر یہ مختلف گیم ہوجائے گی۔ یہ ہم سب کی ٹیم ہے اور ہمارا مقصد ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنا ہے ۔ لیکن آئی سی سی ایونٹ میں آپ کو صرف اس ایک میچ پر توجہ نہیں دینی ہوتی ہے، چیمپئن بننا ہے تو تمام ٹیموں کو ہرانا پڑتا ہے۔ امریکہ میں پہلی بار یہ ایونٹ ہورہا ہے، ڈراپ ان پچز ہونگی ۔ ماحول اور گراؤنڈز مختلف ہونگے، نیا تجربہ اور چیلنج ہوگا۔ کنڈیشنز کا زیادہ پتہ نہیں لیکن خود کو مقابلے کیلئے تیار کرلیں گے۔ میرا بحیثیت کپتان تیسرا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے۔ اب ٹرافی جیت کر وطن واپس آنا چاہتا ہوں ۔ بدقسمتی سے پچھلے دو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فاتح نہ بن سکے۔ اس بار وہ غلطیاں دوہرانا نہیں چاہتے۔ ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے۔ پچھلے دنوں جو چیزیں چلتی رہی تھیں ان میں کچھ بنائی گئی تھیں۔ انہیں اس طرح پیش کیا گیا کہ نہ جانے کیا ہوگیا ہے۔ جب ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو ہماری کوشش یہ نہیں ہوتی کہ اسے دنیا کو دکھایا جائے۔ کوشش ہوتی ہے کہ اگر کوئی مسئلہ ہے تو فوراً حل کیا جائے ۔ نئے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کا تجربہ بہت وسیع ہے جو ٹیم کے کام آئے گا۔ بابراعظم نے اپنے پرستاروں کے نام پیغام میں کہا کہ پاکستان ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا کریں ۔ ٹیم کو سپورٹ کریں۔