اسلام آباد (مہتاب حیدر) پاکستان سے دو کروڑ ڈالرز مالیت کی سگریٹ کی برآمد کا آرڈر روکنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔جس کے لئے مختلف جواز بنائے جارہے ہیں ۔ باخبر ذرائع سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایس آر او میں ترمیم کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ جو بچوں کو سگریٹ کی فروخت سے متعلق قانون کے بارے میں ہے، اس کے تحت سگریٹوں کے چھوٹے پیکٹوں کی فروخت کی اجازت ہوتی ہے۔ یہ فریم ورک کنونشن آن ٹوبیکو کنٹرول(ایف سی ٹی سی) کے مقررہ پیمانے پر پورااترتا ہے ۔ پاکستان میں20 سگریٹوں کے پیکٹ فروخت کرنے کی اجازت ہے ۔ مذکورہ اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کو بتایا گیا ہے کہ پاکستان ٹوبیکو کمپنی (پی ٹی سی) نے ایس آراو کے رول 2 کے ذیلی رول-3 میں ترمیم کی درخواست کی ہے تاکہ 10 سگریٹس پر مشتمل پیکٹوں کی سوڈان برآمد کو ممکن بنایا جاسکے ۔پاکستان میں صرف 20 سگریٹوں پر مشتمل پیکٹس فروخت کرنے کی اجازت ہے ۔ تاکہ ایف سی ٹی سی کی شرائط کی تعمیل کی جاسکے ۔ ایف سی ٹی سی کے آرٹیکل16(3)کی روشنی میں مجوزہ ترامیم کمیٹی میں زیر غور آئیں ۔ جس کا پاکستا ن بھی دستخط کنندہ ہے۔