راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے چوری کئے گئے مختلف کیسز کے مال مقدمہ جات راولپنڈی پولیس نے پکڑ لئے۔ سابقہ ایف آئی اے ملازم سمیت 2 ملزمان بھی گرفتار کر لئے گئے۔ تھانہ مندرہ کے اے ایس آئی عقیل حسین شاہ مندرہ ٹول پلازہ جی ٹی روڈ پر موجود تھے کہ مشکوک سیاہ کار اسلام آباد اے بی ای 951کو تعاقب کر کے روکا۔ تلاشی پر پارسل برآمد ہو گئے جن میں ویگو گاڑی کی چابی معہ دیگر 9چابیاں، آئی فونز، نمبر پلیٹس‘ دیگر سامان اور کرنسی برآمد ہوئی۔ ملزمان سعد انور اور محمد حمزہ نے بتایا کہ عبداللہ خان ، مہتاب، علی اور حسن کے ساتھ مل کر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر تھانہ سی بی سی اسلام آباد جی 13سے چوری کی ہے۔