کوئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجدی کی کوئلہ کان میں زہریلی گیس کے اخراج کے باعث مائن مینجر سمیت 11کان کن جان بحق ہوگئے کانکنی کے دوران کاربن مونو آکسائیڈ کا اخراج ہوا،لاشیں آبائی علاقے سوات بھجوا دی گئیں۔ مرنے والے کان کنوں کا تعلق سوات سے ہے۔ لاشیں کان سے نکال کر کان کو سیل کر دیا گیا۔ وزیراعلی نے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی نے جنگ کو بتایا کہ کوئٹہ سے 40کلومیٹر کے فاصلے پر واقع نجی کوئلہ کان میں گزشتہ شام زہریلی گیس کا اخراج اس وقت ہوا جب دس کان کن اپنے مائن منیجر کے ہمراہ کان کنی کررہے تھے۔