اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد)وفاقی سیکرٹری ایوی ایشن سیف انجم جو کہ ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی بھی ہیں‘ نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کا اچانک معائنہ کیا۔ اُنہوں نے ٹرمینل بلڈنگ اور اس سے منسلک سہولیات کی توسیع کے منصوبے کیلئے جاری ترقیاتی کام کا معائنہ کیا اور توسیعی پراجیکٹس مقررہ معیاد میں مکمل کرنیکی ہدایت کی۔ اس موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے منیجر‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر‘ اے ایس ایف کے چیف سکیورٹی افسر اور دیگر عہدیدار نیسپاک کے ریزیڈنٹ انجینئر‘ چینی اور مقامی ٹھیکیدار بھی سیکرٹری ایوی ایشن کے ہمراہ تھے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر‘ چینی کمپنی کے کنٹریکٹر اور ریزیڈنٹ انجینئر نے تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری ایوی ایشن نے تمام شعبوں کے سربراہوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ اور اس سے منسلک سہولیات کی توسیع کے ترقیاتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔