راولپنڈی(خبر نگار خصوصی)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے نجی ہاؤسنگ پراجیکٹ میں چائنیز تعمیراتی منصوبوں کو سر بمہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پرآرڈی اے نے گزشتہ روز ایٹین ہاؤسنگ پراجیکٹ میں چائنیز تعمیراتی کمپنی اور اس کے زیر تعمیر پراجیکٹس کو سر بمہر کر دیا،حکومت پنجاب کی جانب سے سکیورٹی این او سی کے اجراء تک نجی سوسائٹی میں چینی باشندوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی گئی ۔ آر ڈی اے ترجمان کے مطابق یہ کارروائی پلاٹ نمبر F-006/B روڈ 54 (کمرشل) اور پلاٹ نمبر F-006/5 (اپارٹمنٹ) میں سیکورٹی خطرات کی وجہ سے کی گئی۔ چائنہ گیزوبا کنسٹرکشن اینڈ منیجمنٹ سروسز پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر لی ژاؤ تاؤ اور ایم /ایس ایلیٹ اسٹیٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طارق حمدی کو اس سے قبل ایٹین ہاؤسنگ سوسائٹی میں ان کے منصوبوں کے حوالے سے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔