پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا کے ٹیبل ٹینس کے انٹرنیشنل کھلاڑی شایان فاروق سری لنکا میں منعقد ہونے والی ساؤتھ ایشین ٹیبل ٹینس چمپئن شپ میں تیں میڈلز کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئے۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور پہنچنے پر مشیر کھیل فخر جہان، ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اللہ جان، ایڈمنسٹریٹر جعفرشاہ، ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے مرکزی نائب صدر کفایت اللہ خان، کوچ ابصار علی، کوچ مومنہ خان اور ٹیبل ٹینس اکیڈمی پشاور کے کھلاڑیوں نے ان کا استقبال کیا۔ مشیر کھیل فخر جہاں نے شایان فاروق کو ہار پہناتے ہوئے انہیں شاباش دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت کھلاڑیوں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کرے گی جو کھلاڑی قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں محکمہ کھیل ان کی سپورٹ کرے گا۔