• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تین مراکز سے امتحانی پرچہ آؤٹ کرنے والوں کیخلاف کارروائی

کراچی(سید محمد عسکری) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت امتحانی پرچہ سوشل میڈیا پر آوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جمعرات کو صبح اور شام کی شفٹوں میں پرچہ شروع ہونے کے بعد امتحانی مراکز سے پرچے آؤٹ ہونے پر فوری کارروائی کے بعد پرچے آؤٹ کرنے والے طالبعلموں کو پکڑلیا گیا۔ صبح کی شفٹ میں گورنمنٹ سٹی کالج (مارننگ) سے کیمسٹری کا پرچہ آؤٹ ہونے کا علم ہونے کے بعد فوری طور پر پروفیسر آصف مسعود، پروفیسر عبید اللہ، پروفیسر ایاز حسین، سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن مظہر محمود پر مشتمل سپر ویجی لینس ٹیم کالج پہنچ گئی۔ سپر ویجی لینس ٹیم نے طالبعلموں کی تلاشی لے کر ایک طالبعلم کے پاس سے وہ موبائل فون برآمد کرلیا جس کے ذریعہ پرچہ امتحانی مرکز سے باہر بھیجا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مزید 9طالبعلموں کو موبائل فون سمیت نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ علاوہ ازیں کنٹرول روم انچارج پروفیسر فیروز صدیقی کی ہدایت پر گورنمنٹ سٹی کالج (مارننگ) پہنچی اور نقل کے کیسز پر رپورٹ بنا کر انٹربورڈ بھیج دی۔ کنٹرول روم سیل میں فرائض سرانجام دینے والے سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن مزمل احسن، ڈاکٹر شکیل احمد اور پروفیسر نذیر کھتری کی طرف سے کراچی کےبحریہ کالج ڈی ایچ اےمیں ریاضی کا پرچہ آؤٹ ہونے کی اطلاع دی گئی۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر نسیم احمد میمن کی ہدایت پر پروفیسر فیروز صدیقی، پروفیسر مقصود احمد میمن، پروفیسر محمد حسن بلوچ اور پروفیسر نہال اختر پر مشتمل کنٹرول روم سیل کی ٹیم تحقیقات کیلئے مذکورہ کالج پہنچی جہاں ڈائریکٹر کالجز ایجوکیشن پروفیسر مصطفی کمال اور ان کی ٹیم بھی تحقیقاتی عمل میں شریک ہوگئی۔ اس موقع پر CCOپروفیسرشہزاد اور ویجی لینس آفیسر پروفیسر محبوب راجپوت کی نشاندہی پر تین طالبعلموں کے موبائل چیک کیے گئے جس میں ریاضی کا پرچہ اور اس کا حل موجود پایا گیا،تینوں طالبعلموں نے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے تحریری طور پر اپنا قصور تسلیم کیا۔
اہم خبریں سے مزید