• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک کی اپ گریڈیشن پر اتفاق، شہباز شریف کی چینی صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں، آرمی چیف بھی موجود، منصوبوں کی حفاظت یقینی بنانے کا عزم

بیجنگ (ایجنسیاں/جنگ نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی صدر شی جن پنگ سے طویل ملاقات ‘سی پیک کی اپ گریڈیشن پراتفاق‘ دونوں رہنماؤں نے موجود پائیدار شراکت داری کی توثیق کی اور سیاسی، سکیورٹی، اقتصادی اور تجارتی تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا‘چینی صدر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت اورقومی سلامتی کی حمایت ہمیشہ جاری رہے گی جبکہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنائیں گے‘سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے تحت پائیدار ترقی، خصوصی اقتصادی زونز ، صنعتوں، آئی ٹی، کانوں اور معدنیات، زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی‘دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی خصوصی طورپر شرکت کی ‘ شہباز شریف کا بیجنگ میں عظیم عوامی ہال آمد پر چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے استقبال کیا‘شہباز شریف کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے بھی ملاقات ‘چینی وزیراعظم لی چیانگ سے وفود کی سطح پر مذاکرات‘اہم معاملات پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم کو چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو بیجنگ عظیم عوامی ہال میں میں شہبازشریف نے صدر شی جن پنگ سے طویل ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے سی پیک کی اپ گریڈیشن اور دوسرے مرحلے میں ترقیاتی منصوبے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں علاقائی اورعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان، فلسطین اورجنوبی ایشیا بشمول مقبوضہ کشمیرکی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی دلچسپی کے امور پر اپنی دیرینہ حمایت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ سی پیک نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا‘ حکومت کا سماجی واقتصادی ترقی کاایجنڈا چین کےمشترکہ خوشحالی کےتصورپرمبنی ہے۔صدرشی جن پنگ نے وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیے کا بھی اہتمام کیا اور عشائیے میں بھی باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کا ایک اور دور ہوا۔قبل ازیں شہباز شریف نے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلہ کے تحت پائیدار ترقی، خصوصی اقتصادی زونز، صنعتوں، آئی ٹی ، کانوں اور معدنیات، زراعت اور متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جائے گی۔چیئرمین ژاؤ لیجی نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی رہنمائی کے تحت چین پاکستان کے ساتھ پائیدار شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ دونوں فریقوں نے ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے نیشنل پیپلز کانگریس اور پاکستان کی پارلیمنٹ کے درمیان روابط اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دریں اثناءشہبازشریف کے اعزاز میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے پرتکلف ظہرانہ دیا‘ شہباز شریف نے لی چیانگ کے برادرانہ جذبات اور پرتپاک میزبانی پرشکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین عظیم اور قابل اعتماد بھائی ہے، چین کی ترقی پر ہر پاکستانی کو فخر ہے ۔ چین کے وزیراعظم نے کہا کہ آپ کے جذبے، کام کی رفتار اور عہد کی پاسداری سے بے حد متاثر ہیں ۔

اہم خبریں سے مزید