کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے میں مصروف ہے لیکن پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں بلڈنگ کے تعمیراتی کام کی وجہ سے شفٹنگ ہورہی ہے ۔کچھ ملازمین کو فارغ کیا جارہاہے۔ کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کے سربراہ اور ڈائریکٹر شاہد محبوب کو ذمے داریوں سے فارغ کردیا گیا ہے۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر انگلینڈ سے آئے تھے، کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید نہیں کی گئی۔ پی سی بی کے کئی کوچز کو فارغ کرنے کی تجویز ہے۔ پی ایس ایل کمشنر نائیلہ بھٹی نوٹس پیریڈ ختم ہونے کے بعد ذمے داریوں سے فارغ ہوگئیں ہیں۔ ان کی جگہ قائم مقام ذمے داریاں صہیب شیخ کو سونپی گئی ہیں۔ سابق چیئر مین ذکا ء اشرف کے قابل اعتماد ساتھی ڈائریکٹر بریگیڈیئر ساجد حمید کو بھی نوٹس دے دیا گیا ہے وہ تین ماہ کا نوٹس پیریڈ پورا کررہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عید کے بعد مزید لوگوں کو فارغ کیا جائے گا اور کچھ نئی تقرریاں کی جائیں گی۔ چیئرمین محسن نقوی پروفیشنل لوگوں پر مشتمل اپنی انتظامی ٹیم لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر کو فار اینڈ اور قومی کرکٹ اکیڈمی میں شفٹ کیا جارہا ہے۔