نئی دہلی ،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) نریندر مودی نے اتحادی جماعتوں کی حمایت کے بعد تیسری مدت کے لئے بھارت کی وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا،صدر دروپدی مرمو نے مودی ایوان صدر میں حلف لیا، حلف برداری تقریب میں بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ، سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، مالدیپ،نیپال اور بھوٹان سمیت 7علاقائی ممالک کے سربراہان اور ہزاروں افراد نے شرکت کی،بھارتی میڈیا کے مطابق پڑوسی ممالک پاکستان اور چین نے اپنے اعلیٰ سطحی وفود نہیں بھیجے، تقریب میں اپوزیشن اتحاد کی نمائندگی کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نےشرکت کی جبکہ ان کے علاوہ کوئی قابل ذکر اپوزیشن رہنما شریک نہیں ہوئے، تقریب میں بالی ووڈ کے ستارے اور معروف صنعت کار مکیش امبانی بھی شریک ہوئے، ایس جے شنکر، راج ناتھ، امیت شاہ، ہرش ملہوترا سمیت کابینہ کے 72 ارکان نے بھی حلف اٹھالیاجن میں 36وزراءمملکت اور 5آزاد وزراء مملکت بھی شامل ہیں،وزراء کے پورٹ فولیو کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، مودی کی اتحادی سیکولر جماعت جنتا دل کے ایچ ڈی کمارسوامی اور این ڈی اے میں شامل جنتا دل یونائٹیڈ ک رہنما للن سنگھ بھی کابینہ میں شامل ہوگئے ہیں م للن سنگھ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کے قریبی ساتھی ہیں۔ نریندر مودی سابق بھارتی وزیراعظم جواہر لعل نہرو کے بعد تیسری بار وزیراعظم بننے والے دوسرے بھارتی سیاستدان ہیں،خیال رہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) 240 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی، انڈین نیشنل کانگریس 99نشستوں کے ساتھ دوسرے اور سماج وادی پارٹی 37 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئی۔حکمران جماعت بی جے پی لوک سبھا میں سادہ اکثریت کے لیے درکار 272 نشستیں اکیلے حاصل کرنے میں ناکام رہی تاہم بی جے پی کی زیر قیادت ’این ڈی اے‘ اتحاد 293 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ سادہ اکثریت کی بنیاد پر حکومت بنانے جا رہا ہے، اس کے برعکس کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ نے 234 نشستیں حاصل کی ہیں۔