اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کے روز قصور میں لکی مروت میں آئی ای ڈی حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہوں نے کیپٹن محمد فراز الیاس کی میت کو کندھا بھی دیا۔بعد ازاں جاں بحق کیپٹن کے لواحقین سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، ملک دشمنوں کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ وزیراعظم نے شہید کے گاؤں کو ماڈل ویلیج بنانے کا اعلان کرتے ہوئے گاؤں کا نام فراز الیاس شہید کے نام سے بھی منسوب کردیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، بزدل دہشتگرد ہمارے امن کے عزم کو متزلزل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کسی کسی کو یہ عظیم مقام بخشتا ہے، قرآن مجید میں فرمان ہے شہید کو مردہ مت کہو یہ زندہ ہیں، شہید کیپٹن فراز الیاس سارے خاندان کیلئے جنت میں مقام بنا گئے۔