کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوئٹہ کے سابق صدر ارباب اقبال کاسی اور سابق جنرل سیکرٹری جاوید اعوان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی نوازشریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کا وژن ہے، حکومتی اقدامات سے جلد تبدیلی آئے گی ۔ کارکن کے خدشات سے آگاہ ہیں، وہ مایوس نہ ہوں ، جلد اعلیٰ قیادت سے ملاقات کرکے مسائل سے آگاہ کیا جائے گا۔وزیراعظم شہباز شریف کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پارٹی کا گڑھ اور یہاں کا ہر کارکن نوازشریف کا سپاہی ہے، یہاں سے شیخ زرک خان مندوخیل کی کامیابی کے بعد کارکن پرامید تھے کہ ان کے مسائل حل ہوں گے لیکن افسوس کہ زرک مندوخیل کو کابینہ میں شامل نہ کرنے سے کارکن مایوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے خدشات سے مرکزی و صوبائی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کے کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، سی پیک منصوبوں کے دوبارہ شروع ہونے سے خوشحالی کا نیادور شروع ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ کے بھائی اور صوبائی وزیر حاجی نور محمد دمڑ کے کزن کے انتقال پر فاتحہ خوانی کی گئی۔