• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز، عمران، زرداری، بلاول قرض اتارنے کیلئے اپنی جائیداد عطیہ کریں، مصطفیٰ کمال

اسلام آباد (آئی این پی ) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم)نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا قرض اتارنے کیلئے نواز شریف، عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو اپنی جائیداد عطیہ کریں، جرنیل بھی 50,50کروڑ روپے پاور تمام پارلیمنٹرین اپنی جائیداد کا 25فیصد پاکستان کو عطیہ کریں۔ مصطفی کمال نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ قوم اس وقت 78 ہزار ارب کی مقروض ہے، قرض اور سود کی مد میں 9 ہزار 775 ارب ادا کرنا ہوں گے، ملک کا قرض اتارنے کیلئے نواز شریف اور آصف زرداری پہل کریں، تمام لیڈر ایک ہزار ارب روپے اکٹھا کر کے عوام کو دکھائیں، بانی پی ٹی آئی کے پاس بنی گالا ہے، وہ پاکستان کو عطیہ کر دیں، آصف علی زرداری پاکستان کو ایک بلاول ہائوس عطیہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں موجود افراد بار بار اِدھر اور ادھر بیٹھ چکے ہیں، ہمارے اس رویے سے ملک کا کوئی فائدہ ہوا نہیں ہے، پاکستان پر 78 ہزار 942 ارب کا قرضہ ہے۔ مصطفی کمال نے ملک کے گھبیر معاشی حالات کی منظر کشی کرتے ہوئے معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اسکی ابتدا اس ہائوس سے ہونی چاہیے۔ ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ملک کا قرض اتارنے کے لیے مولانا فضل الرحمن سمیت تمام اراکین پارلیمنٹ اپنی جیبوں سے جمع کرائیں۔ مصطفی کمال نے کہا کہ تمام ریٹائرڈ فوجی افسران، تمام حاضر سروس جرنیل جو کہ جن کے پاس جب یہ ریٹائر ہوتے ہیں تو ان کے پاس 150 ارب روپے کی جائیدادیں ہوتی ہیں، 50، 50 کروڑ روپے پاکستان کو عطیہ کریں، یہ سب جرنیل، سیاستدان اور اراکین پارلیمنٹ 1000 ارب روپے قرض کی ادائیگی کے لیے جمع کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے یہ کردیا تو پاکستان کے غیور عوام اپنے کپڑے بیچ پر بھی ملک کا قرض اتارینگے، وہ سمجھیں گے کہ جو ہم سے ٹیکس مانگ رہے ہیں، وہ بھی کچھ قربان کر رہے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید