اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) T20ورلڈکپ ؛امریکہ سے شکست سازش قرار ،جلسہ میں کاغذ لہرا کر بات ختم ،حقیقی نیلسن مینڈیلا قید میں پتھر توڑتا تھا نام نہاد کی دیسی مرغی اور گھی سے تواضع کی جارہی ہے ، قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ہونے والی بحث کے دوران متعدد ارکان نے ملکی معیشت کی بہتری اور بجٹ میں عائد ٹیکسز کیخلاف جہاں اپنے مطالبات اور آرا پیش کی وہیں بعض ارکان نے سنجیدہ معنی خیز اور دلچسپ تجاویز بھی پیش کی۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قادر پٹیل نے ازراہ تفنن پاکستان کی کرکٹ ٹیم کے حوالے سے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ نہ جانے ہماری کرکٹ ٹیم کو کیا ہو گیا ۔ ٹی 20ورلڈ کپ میں ان کی مایوس کن کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کپتان بابر اعظم کو تجویز پیش کی کہ انہیں ایک سینیئر کرکٹر کی طرح امریکہ سے میچ ہارنے کے بعد یہ موقف اختیار کرنا چاہئے تھا کہ ان کیخلاف سازش ہوئی ہے اور یہ بھی بتاتے کہ ان کے پاس اس سازش کے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں ،پاکستان آ کر جلسہ کرتے اور کاغذ لہرا دیتے۔ پھر جب پی سی بی کے حکام ان سے وہ کاغذ طلب کرتے تو کہہ دیتے کہ وہ میرے پاس نہیں گم ہو گیا اس کے بعد سارا معاملہ رفع دفع ہوجاتا ان کی اس تجویز پر حکومتی بنچوں نے ڈیسک بجائے۔