اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں جماعتوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔انہوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف اور عوام دشمن قرار دے کر مسترد بھی کردیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جماعتوں کے درمیان قومی اسمبلی میں ملکر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق ہوا،جبکہ دونوں رہنماؤں نےتحفظات دور کرنے کیلئے کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔ملاقات میں ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔اسد قیصر اور مولانا فضل الرحمٰن افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے پر بھی متفق ہوئے، افغانستان کے ساتھ کراسنگ پوائنٹس پر اکنامک کوریڈور قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ تجارتی سرگرمیوں سے خطے میں معاشی استحکام آئے گا، عوام کو روزگار میسر آئے گا۔ملاقات کے دوران سیاسی کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان تحفظات کو دور کرے گی اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کے لیے نکات کا تعین کریگی۔