کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے میونسپل یوٹیلیٹی چارجز و ٹیکس (MUCT)، کے الیکٹرک کے ذریعے جمع کرنے کامعاہدہ ہوگیا.
میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ میونسپل یوٹیلٹی چارجز وٹیکس (MUCT) کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے الیکٹرک کے درمیان بنیادی معاہدہ طے پاگیا ہے جبکہ مذکورہ ٹیکس کی عدالتی فیصلے کے مطابق وصولی سے متعلق سٹی کونسل میں قراداد پہلے ہی منظور کی جا چکی ہے.
اس ٹیکس کی مخالفت کرنے والے شہر کے دوست نہیں ہیں غریب یا کم آمدن والے گھریلوں صارفین کو 100 یونٹ تک چھوٹ دی گئی ہے جبکہ 101 یونٹ سے 200 یونٹ تک 20روپے، 201سے 300یونٹ تک 40 روپے، 301 سے 400یونٹ تک 100روپے، 401 سے 500یونٹ تک 125 روپے، 501 سے 600 یونٹ تک 150روپے، 601سے 700 یونٹ تک 175 روپے اور 700 سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر 300 روپے یوٹیلیٹی کی مد میں واجب الادا ہونگے .
جبکہ کمرشل بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تمام کیٹیگریز پر 400 روپے لاگو کئے گئے ہیں اسی طرح صنعتی صارفین کی تمام کیٹیگریز پر بھی 400 روپے لاگو کئے گئے ہیں، میئر کراچی نے کہا کہ اس پر عملدرآمد سے بلدیہ عظمیٰ کراچی سالانہ چار ارب روپے کمانے کی پوزیشن میں ہوگی، اس آمدن کو شفاف طریقے سے شہر کی فلاح و بہبود اور ترقی کے مد میں خرچ کیا جائیگا اور اس نظام کو زیادہ شفاف اور منظم بنایا جائے گا.
بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اس مد میں جتنا ٹیکس مصطفی کمال کے دور میں لیا جاتا تھا یہ اس سے بھی کئی گنا کم کردیا گیا ہے، میں شہریوں کی اس امانت کو شفافیت سے شہر کی ترقی کے لیے خرچ کرنے کی یقین دہانی کرواتا ہوں.
انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس کی مخالفت کرنے والے شہر کے دوست نہیں ہیں، شہر اور شہریوں کی بہتری کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے کراچی کے عوام کی امیدوں پر ہم پورا اتریں گے۔