• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک کروڑ 88 لاکھ کی چوریاں، ڈاکے، تین گاڑیاں، 12 موٹرسائیکل بھی غائب

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 3گاڑیوں 16موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،ملکی وغیرملکی کرنسی ،مویشیوں اور دیگر اشیاء سے محروم ہوگئے۔ وفاقی دارالحکومت میں 22 ورادتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات اور 5 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے،3 موٹر سائیکل چوری جبکہ 2 موٹر سائیکل اور 10موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی۔5گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چور قیمتی اشیاء لے کر چلتے بنے۔ بنارس کالونی میں روحیل اشرف کے گھر کے تالے توڑ کر 3لاکھ روپے ،ریال مالیتی 33لاکھ روپے اورسونا مالیتی57 لاکھ پچاس ہزار روپے ،چوہڑ چوک میں انیلہ ظفرکی دکان حفیظ جیولر ز سے زیورات اورنقدی مالیتی15لاکھ روپے،سرسید کالونی میں محمد شہزاد حسین کے گھر سے تالے توڑ کر موٹرسائیکل ،47ہزارروپے ، پرائز بانڈ اور سامان مالیتی ایک لاکھ 60ہزار روپے، ریلوے سوسائٹی میں ڈاکٹر کاشف مسعود کے گھر سے تالے توڑ کر سونا مالیتی ساڑھے 16 لاکھ روپے،سرکلر روڈ پر محمد قدیر کے شو روم سے 7لاکھ روپے چرا لئےگئے۔ تھانہ ریس کورس کے علاقہ افشاں کالونی میں عابد خان کے گھر پانچ ملزم دیوار پھلانگ کر داخل ہو ئے اسلحہ کی نوک پراس کی والدہ کے کانوں سے طلائی بالیاں اور گلے سے لاکٹ اتار لیا ،مدعی کو زدوکوب کیا اور گھرسے پانچ موبائل ، 20تولے طلائی زیورات ، ساڑھے پانچ لاکھ روپے لے اڑے۔تھانہ گوجرخان کے علاقہ اراضی اعوان میں روبینہ کوثر کے گھر 4ملزمان دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے بیوہ خاتون اور اس کی دونوں بیٹیوں کو اسلحہ کی نوک پر کمرے میں بند کر کے 2موبائل، 6ہزار 800 روپے اورسونا مالیتی 6لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔