اسلام آباد (ساجد چوہدری )وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے اپنے دو اداروں پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز (پکرٹ ) اور کونسل فار ورکس ہاؤسنگ ریسرچ (سی ڈبلیو ایچ آر ) کی بندش کے وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کے پراسس کی منظوری کیلئے سمری اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے وزیراعظم کو بھجوا دی ، وزارت کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری سے پاکستان کونسل آف رینیوایبل انرجی ٹیکنالوجیز (پکرٹ ) کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو دو اداروں کو ضم کر کے پکرٹ بنایا گیا تھا ، اب ان احکامات کے خاتمہ کیلئے بھی وزیراعظم کی منظوری چاہئے جبکہ ادارے کے ملازمین کو سرپلس پول میں بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے ، کونسل فار ورکس ہاؤسنگ ریسرچ (سی ڈبلیو ایچ آر ) وفاقی کابینہ کی منظور کردہ قرار داد کے ذریعے قائم کیا گیا تھا لہٰذا اس قرارداد کے خاتمہ کی منظوری بھی کابینہ سے درکار ہو گی ، وزیراعظم معاملہ وفاقی کابینہ میں بھجوانے کی منظوری دینگے تاکہ اس قرارداد کے خاتمے کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جاسکے ، اس ادارے کے ملازمین کو بھی سرپلس پول میں بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے ، دونوں اداروں کے کیسز کی متعلقہ فورم سے منظوری کے بعد وزارت سائنس و ٹیکنالوجی ان اداروں کے خاتمہ کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کریگی، واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے رائٹ سائزنگ میں ان اداروں کی بندش کا فیصلہ تقریباً ایک سال پہلے دیا تھا مگر اس پر عملدرآمد میں تاخیر کی صورت میں جہاں ملازمین تذبذب کا شکار ہیں وہاں وہ بغیر کام کئے تنخواہیں اور دیگر مراعات حاصل کر رہے ہیں ۔