اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نکاح کیس میں سزا معطلی کی اپیلوں کو مسترد کرنا انتقامی کارروائی ہے، عدت کیس خالصتاً ایک شرعی مسئلہ ہے جسے عدالتوں کے ذریعے مذاق بنایا جا رہا ہے، عدلیہ کا وقار عدالتوں کے منصفانہ فیصلوں سے مشروط ہے، جو عدالتیں حقائق کو پیشِ نظر رکھنے کی بجائے ’’مخصوص ڈکٹیشن‘‘ پر فیصلے سناتی ہیں وہ اپنی قدر و منزلت کھو بیٹھتی ہیں۔ ملکی بہتری کے لئے بغیر دباؤ اور آزادانہ فیصلے ناگزیر ہیں۔ پاکستان میں سیاسی و اقتصادی استحکام کے لئے تمام اداروں کا ذمہ دارنہ اور اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کردار ادا کرنا انتہائی ضروری ہے۔