ملتان(سٹاف رپورٹر ) ڈائریکٹر زراعت توسیع بہاولپور ڈویژن محمد جمیل غوری نے کپاس کی موجودہ صورت حال، فیلڈ فارمیشنزکی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ اور کسان سہولت سینٹرزکے سلسلہ میں حاصل پور، چشتیاں، فورٹ عباس اور بہاولنگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، کپاس کے کاشت کاروں غلام مصطفیٰ، طاہر مختار، شکیل احمد اور محمد ارشد سے ملاقات کی اور ان کی فصل کامعائنہ کیا، انہوں نے کہا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو ایک چھت تلے سہولیات کی فراہمی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے کسان سہولت سنٹرز قائم کردئیے گئے ہیں، بہاولپور ڈویژن میں 14کسان سہولت سینٹرز قائم کردئیے ہیں جب کہ تحصیل کی سطح پر کم از کم ایک سہولت سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ان کسان سہولت سنٹرز پر کاشتکاروں کو معیاری زرعی زہریں،نوزلز اور سپرے مشینری ارزاں نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان سہولت سنٹرز پر کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے متعلقہ پیسٹی سائیڈز کمپنیوں کی جانب سے ٹیکنیکل عملہ بھی ہمہ وقت موجود رہے گا۔ کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے کاٹن ایڈوائزری جاری کی جارہی ہے کاشتکار اس پرعمل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو بلاسود قرضہ جات و دیگر سہولتوں کی فراہمی کیلئے کسان کارڈ کی صورت میں ایک انقلابی اقدام اٹھایا ہے لہٰذا کاشتکارکسان کارڈ کے حصول کیلئے جلد از جلد اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کروائیں۔