اسلام آباد (صالح ظافر) شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، وزیر اعظم شہباز شریف چینی و روسی صدور سے ملاقات کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کل (بدھ) اور پرسوں قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں روسی اور چینی صدر سے الگ الگ اہم ملاقاتیں کریں گے۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ ملاقاتوں کے علاقائی صورتحال پر اہم اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ ملاقاتیں آستانہ میں منعقد ہونے والی ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ (سی ایچ ایس) اور ایس سی او پلس کی جڑواں سربراہی کانفرنسوں کے دہانے پر ہوں گی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ یہ ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ سے دوسری ملاقات ہوگی جبکہ نائب وزیر اعظم ڈار اس عرصے کے دوران تیسری مرتبہ چینی معززین سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے موجودہ دور میں روسی رہنما ولادی میر پیوٹن سے پہلی ملاقات کریں گے۔