کراچی (نیوز ڈیسک) ہالینڈ کے سابق وزیراعظم مارک روٹے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد سائیکل پر گھر روانہ ہوگئے، انٹیلی جنس چیف نئے وزیراعظم بن گئے۔
روٹے یکم اکتوبر کو نیٹو کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے جب نیٹو کے موجودہ سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹنبرگ کی 10 سالہ مدت ختم ہو جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق صحافیوں کے سامنے مارک روٹے نے وزیراعظم ہاؤس کو الوداع کہا اور اپنی سائیکل پر سوار ہو کرسڑک کے کنارے کھڑے درجنوں حاضرین کے پاس سے گذر گئے۔
سابق ڈچ انٹیلی جنس سربراہ ڈیک شوف نے پیر کو ملک کی دائیں بازو کی حکومت کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھایا۔ نیدرلینڈ کی نئی حکومت کےحلف اٹھانے کے بعد 14 سال سے ملک کے وزیر اعظم رہنےوالے روٹے سائیکل پرسوار ہو سادگی کے ساتھ گھر روانہ ہوگئے۔
یورپ اور دنیا کو دنگ کر دینے والے انتخابات میں انتہائی دائیں بازو کے اسلام مخالف رہنما گیرٹ ولڈرز کی فتح کے تقریباً 223 دن بعد شوف نے 14 سال اقتدار میں رہنے کے بعد روٹے کی جگہ سنبھال لی ہے۔