• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایکشن سے بھرپور ہوم سیزن، چیمپئنز ٹرافی بھی شامل، شیڈول جاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے ایکشن سے بھرپور انٹرنیشنل سیزن کا اعلان کردیا۔ اس دوران تین ٹیسٹ سیریز، 21 سال بعد سہ فریقی ٹورنامنٹ اور 19 برس میں پہلی بار ویسٹ انڈیز کی میزبانی شامل ہے۔ پاکستان 2024-25 کے ہوم انٹرنیشنل سیزن کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے ہوگا جو راولپنڈی میں 21 سے25 اگست تک اور کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، پاکستان ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گی ، اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں ٹیم نو ٹیسٹ، نو ٹی ٹوئنٹی اور کم از کم چودہ ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔ ہوم سیزن کا اختتام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 پر ہوگا جس کا فائنل 9 مارچ کو تجویز کیا گیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچ بالترتیب ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر، کراچی میں 15سے19 اکتوبر اور راولپنڈی میں 24سے28 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی میں 16 سے 20 جنوری اور ملتان میں 24 سے 28 جنوری ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے ساتھ سہ فریقی ون ڈے سیریز ملتان میں 8 سے 14 فروری تک کھیلی جائے گی۔ بنگلہ دیش نے آخری بار پاکستان میں ٹیسٹ فروری 2020 ،انگلینڈ نے دسمبر2022 جبکہ ویسٹ انڈیز نے آخری مرتبہ پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز نومبر2006 میں کھیلی تھی ۔ اس وقت ویسٹ انڈیز کے کپتان برائن لارا اور پاکستان کے کپتان انضمام الحق تھے۔ ہوم انٹرنیشنل میچز کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا زمبابوے اور جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی جہاں دو ٹیسٹ نو ون ڈے اور نو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔ بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کے خلاف نو ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25 کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان نے اب تک سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف دو سیریز میں پانچ ٹیسٹ کھیلے ہیں جن میں سے دو میں فتح اور تین میں شکست ہوئی ہے اس طرح وہ 22 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر ہے۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں چیمپئنز ٹرافی کیلئے نئے سرے سے ڈیزائن اور تعمیر نو کا کام جاری ہے۔ جو توقع ہے کہ میگا ایونٹ سے قبل مکمل ہوجائے گا۔

اسپورٹس سے مزید