• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ میں بدترین شکست، کرکٹ بورڈ کرکٹرز کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھ گیا، ڈومیسٹک کرکٹ کو پرکشش بنایا جائے گا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ موجودہ اور سابق کرکٹرز کے ساتھ سرجوڑ کر بیٹھ گیا تاکہ ڈومیسٹک کرکٹ کو پرکشش بنایا جائے۔کرکٹرز سے مشاورت منگل کو بھی ہوگی۔ ٹیسٹ کرکٹرزنے دیگر مسائل پر بھی بات کی لیکن ملک کے ایک درجن صف اول کے کرکٹرز میٹنگ میں شریک نہ تھے۔ ان میں انضمام الحق، وسیم اکرم، وقار یونس، معین خان، راشد لطیف، مصباح الحق ، شعیب اختر، شاہد آفریدی، محمد حفیظ ، اور محمد اکرم نمایاں ہیں۔ محسن نقوی نے تجاویز کو قابل عمل بنانے کا عندیہ دیا۔پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اسٹنٹ کوچ اظہر محمود جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی بھی لاہور پہنچ گئے۔ چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ کوچز کے ساتھ ابھی ملاقات نہیں ہوئی ہے ، صحافی نے سوال کیا کہ بابر اعظم کپتان رہیں گے؟چیئرمین نے کہابھی اس پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی ، محسن نقوی نے سرفراز احمد اور سابق کرکٹرز سے ملاقات کی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے سابق کھلاڑیوں کو مجوزہ ڈومیسٹک پلان پر بریفنگ دی،انہوں نے "پاتھ وے ٹو پاکستان ٹیم" پلان سابق کرکٹرز سے شیئر کیا ،سابق کھلاڑیوں نے پاتھ وے میں انڈر-19 کرکٹ کے نظر انداز ہونے کی نشاندہی کی ،سابق فاسٹ بولر سکندر بخت نے انڈر-19 کرکٹ کے نظر انداز ہونے کی نشاندہی کی ،محسن نقوی نے انڈر-19 کو مکمل اہمیت اور پاتھ وے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ،موجودہ قومی ٹیم کے معاملات پر باضابطہ کوئی گفتگو نہ ہوئی ،ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی پرفارمنس پر صادق محمد نے برہمی کا اظہار کیا ،صادق محمد نے قومی ٹیم کی سلیکشن پر تنقید کی ۔سابق کپتان سلمان بٹ نے پانچ فریقی ٹورنامنٹ میں پرانی پرفارمنس کی بجائے حالیہ پرفارمنس کو اہمیت دینے پر زور دیا ،سابق کرکٹرز نے چیئرمین کو ستمبر اکتوبر میں فور ڈے اور بعد میں ون ڈے کرانے کا مشورہ دیا ،ذرائع کے مطابق محس نقوی نے ملاقات کے دوران ملک بھر میں اسٹیڈیمز بہتر کرنے کا عزم ظاہر کیا اورموسم گرما میں ملک کے وسط اور شمال ، موسم سرما میں جنوب میں میچز کرانے کا پلان پیش کیا۔ سابق کرکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنانے سے متعلق تجاویز دیں اور ڈومیسٹک کرکٹ پر تفصیلی بات کی۔سابق کپتان انتخاب عالم نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹس کو زیادہ سے زیادہ ملا کر چلنا چاہئے انکو لوپ میں لینا چاہئیے۔گراونڈز کی حالت بہتر بنائیں،پچز معیار کے مطابق ہونی چاہئیے۔ڈومیسٹک میں استعمال ہونے والے گیندوں کا معیار بہتر ہونا چاہئے۔اسکول کرکٹ کے مقابلے دو سے تین روز تک ہونے چایئیں اور زیادہ سے زیادہ کروانے چاہئے،عبدالرؤف نےکہا کہ پڑھے لکھے کرکٹرز موجود ہیں ان سے پی سی بی فائدہ اٹھائے۔عاصم کمال نے کہا کہ شروع سے انڈر16 سے کرکٹرز کو کوچنگ کورس کروانا چاہئیے۔یاسر حمید نے کہا کہ جس نے زیادہ کرکٹ کھیلی ہوتی اسے کوچنگ نہیں آتی یہ ایک سوچ کو ختم ہونا چاہیے۔باسط علی نے پینشن کا مسلہ حل کرنے پر چئیرمین کی توجہ دلائی۔ سابق ڈائریکٹر اور ٹیسٹ کرکٹر ہارون رشید نے تجویز دی کہ کوچز ڈولپمنٹ اور ریجنز کو ڈی سینٹرلائزڈ کرنے کی تجویز دی،علاوہ ازیںپی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے پیر کی شب ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلسپی وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹین اور اسٹنٹ کوچ اظہر محمود سے ملاقات کی ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچز نے ٹیم کی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر تفصیلی بات کی۔ کوچز نے ناقص کارکردگی کی وجوہات پر کھل کر بات کی۔ملاقات کے دوسرے سیشن میں مستقبل کے لائحہ عمل اور ٹیم کی بہتری کے لیے اقدامات پر بات ہو گی اور نئے فیصلوں سے قبل کوچز کو اعتماد میں لیا جائے گا

اسپورٹس سے مزید