مقبوضہ بیت المقدس(نیوز ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت کو 9ماہ مکمل ہوگئے، اس دوران 38ہزار 153فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ صیہونی فورسز نے اتوار کے روز اقوام متحدہ کے ایک اور اسکول پر بم برسادیئے جہاں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی، حملے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ القسام بریگیڈز کی عسکری قوت مضبوط ہے اور وہ ہر محاذپر دشمن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ حماس نے اسرائیلی قیدیوں کی رہائی پر بات چیت کی امریکی تجویز قبول کر لی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ حماس نے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلاء اور مکمل جنگ بندی کی شرط سے پیچھے ہٹنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔ اسرائیلی میں ہزاروں افراد نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے 9 ماہ مکمل ہونے کی یاد میں "یوم مزاحمت " منایا، مظاہرین نے اپنی حکومت پر انتخابات کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ غزہ سے اسرائیلی قیدیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا ۔