نیویارک (نیویارک)فارن پریس ایسوسی ایشن نے غزہ میں 9ماہ سے جاری اسرائیلی جنگ کے دوران اسرائیل کی طرف سے غیر ملکی میڈیا کو غزہ تک رسائی نہ دینے پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایف پی اے کا کہنا ہے کہ پابندیاں سوال اٹھاتی ہیں کہ آخر اسرائیل بین الاقوامی میڈیا سے کیا چھپانا چاہتا ہے؟ بین الاقوامی میڈیا کو غزہ تک فوری رسائی دی جائے۔فارن پریس ایسوسی ایشن کے بیان میں کہا گیا کہ غزہ میں تباہ کن جنگ کے 9 ماہ گزر جانے کے بعد بھی عالمی میڈیا کو غزہ تک آزادانہ رسائی نہیں دی گئی۔ اسرائیل نے غزہ جنگ کوریج کی ہماری اپیلوں کو بار بارمسترد کیا۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ غزہ میں موجود فلسطینی صحافیوں کو بھی مسلسل غیر معمولی خطرات اور پابندیوں کا سامنا ہے، اسرائیلی پابندیوں سے سوال اٹھتا ہے کہ غزہ میں آخر ایسا کیا ہے جو اسرائیل بین الاقوامی میڈیا کی نظروں سے دور رکھنا چاہتا ہے؟۔ایف پی اے نے مزید کہا کہ ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل بین الاقوامی میڈیا کو غزہ تک بلا روک ٹوک اور آزادانہ رسائی دے۔