• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت جیب بھرنے پر تلی ہے، وزیراعظم لیاری ایکسپریس وے بچائیں، مصطفی کمال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ حکومت جیب بھرنے پر تلی ہوئی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف لیاری ایکسپریس وے بچائیں ، شہباز شریف کو غلط بریفنگ دینے پر تشویش ہے ، ناردرن بائی پاس کے ٹریکس بڑھائے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق مصطفیٰ کمال نے ’’لیاری ایکسپریس وے‘‘ پر ہیوی ٹریفک چلانے کی اجازت دیے جانے کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے شہر کی لائٹ ٹریفک کے لئے ڈیزائن کی گئی تھی، جس پر ہیوی ٹریفک کی اجازت دینے سے اسے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ سابق سٹی ناظم کراچی نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس حوالے سے فی الفور نوٹس لے کر شہریوں کو میسر یہ سہولت برباد ہونے سے بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ متحدہ رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت صرف اپنی جیب بھرنے پر تلی ہے، اس لئے اِس طرح کے فیصلے کر رہی ہے، انہیں عوام کو سہولت پہنچانے سے کوئی غرض نہیں! انہوں نے اس پر بھی تشویش ظاہر کی کہ وزیراعظم کو بھی اس حوالے سے غلط بریفنگ دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ شہر میں خصوصاً بندرگاہ، ویسٹ وہارف اور سائٹ صنعتی زون وغیرہ میں مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے ناردرن بائی پاس موجود ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ ناردرن بائی پاس کے ٹریکس میں اضافہ کر کے اُس میں توسیع کی جائے اور ہیوی ٹریفک کی شہر کی شاہراہوں پر آمدورفت بند کرکے اُسے ناردرن بائ پاس پر منتقل کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید