کراچی(اسٹاف رپورٹر) امریکا میں ورلڈ کپ کی تباہ کن کارکردگی کے بعد چیئرمین محسن نقوی نے پاکستانی ٹیم کے کوچز گیری کرسٹن ، جیسن گلیپسی اور اظہر محمود کو ٹیم کے معاملات میں فری ہینڈ دے دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں شان مسعود کپتانی کریں گے اور بابر اعظم بیٹسمین کی حیثیت سے کھیلیں گے۔تاہم جلد مزید کچھ انتظامی فیصلے سامنے آئیں گے۔حیران کن طور پر ان ملاقاتوں میں لاہور میں موجود بابر اعظم کو بلانے سے گریز کیا گیا جبکہ ورلڈ کپ میں سینئر منیجر اور سلیکٹر وہاب ریاض سے بھی مشاورت نہیں کی گئی۔وہاب ریاض انگلینڈ میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں شرکت کررہے ہیں لیکن ان سے ویڈیو لنک پر بھی رائے نہیں لی گئی البتہ وہ اپنی ٹور رپورٹ بورڈ کو بھیج چکے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لاہور میں محسن نقوی سے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچز نے اہم ملاقات کی۔چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سےوائٹ بال کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹین ،ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کوچنگ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں بیٹنگ،بولنگ خصوصا فیلڈنگ کو بہتر بنانے کے لئے جامع پلان وضع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کھلاڑی کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں تاہم اچھے کمبینیشن کا فقدان ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا آپ پر پورا اعتماد ہے ۔ کھلاڑیوں کی کوچنگ کے حوالے سے آپ کو پوری سپورٹ دیں گے۔غیر ملکی کوچز نے ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے پلان سے بھی آگاہ کیا۔محسن نقوی نے کوچز کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گیری کرسٹین اور اظہر محمود نے ملاقات میں ورلڈ کپ میں شکست کے اسباب بتائےاور کچھ کھلاڑیوں کی کارکردگی کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی جلد بازی میں فیصلے نہیں کرنا چاہتے وہ حقائق جاننے کے بعد آگے بڑھنا چاہتے ہیں ۔