کراچی(عبدالماجدبھٹی) لاہور میں ڈومیسٹک کرکٹ کے اجلاس میں پی سی بی نے سابق کرکٹرز کے ساتھ اپنا پلان شیئر کیا تاہم کچھ کھلاڑی اس انداز میں پلان بتارہے تھے کہ انہیں پی سی بی میں ملازمت مل جائے گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پیر کو سابق ٹیسٹ اور انٹر نیشنل کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ پر مشاورت کے لئے مدعو کیا تھا اس میں سابق کپتان جاوید میاں داد بھی شامل نہیں تھے جنہوں نے نجی مصروفیات کی وجہ سے معذرت کرلی۔پاکستان میں موجود راشد لطیف،معین خان اور انضمام الحق بھی میٹنگ سے غیر حاضر تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینٹرل کنٹریکٹ والے سابق کپتان اور ٹیسٹ وکٹ کیپر سرفراز احمدبھی شامل تھے۔سرفراز احمد مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں۔کراچی اور سندھ کی کپتانی بھی کرتے ہیں۔حیران کن طور پر سابق ٹیسٹ آف اسپنر ،سابق قومی سلیکٹر اور کوچ توصیف احمد کو ایک ڈائریکٹر سے ناراضی کی وجہ سے بلانے سے گریز کیا گیا۔توصیف احمد نے جنگ سے بات چیت میں تصدیق کی کہ میٹنگ کے لئے مجھ سے کسی نے رابطہ نہیں کیا۔کراچی میں رہنے والے توصیف احمدکے علاوہ تقریبا ایک درجن سے زائد ٹیسٹ اور انٹر نیشنل کرکٹرز نے لاہور کے لئے پی سی بی کی دعوت پر سفر کیا تھا۔