کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی اوور 60 کرکٹ ٹیم نے اپنے دورہ انگلینڈ کا آغاز فاتحانہ انداز میں کیا اور پیر کی شام پارک ایونیو کرکٹ کلب، بریڈ فورڈ میں پہلے ون ڈے میں میزبان ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ رائل نواب کپ کے لیے کھیلی جا نے والی پانچ میچوں کی سیریز میں پاکستان نے ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سنسنی خیز افتتاحی میچ میں45 اوورز میں 295 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آخری اوور میں فتح کے لیے 15 رنز درکار تھے اور اس کی چار وکٹیں باقی تھیں۔ آخری دو گیندوں پر چار رنز کی ضرورت تھی اور ظفر علی نے آخری گیند کو باؤنڈری تک پہنچا کر میچ کا اختتام کیا۔ سلیم ملک نان اسٹرائیکر اینڈ پر تھے جب فاتحانہ شاٹ لگایا گیا۔ظفر علی کو ان کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کے لئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، کیونکہ انہوں نے ناقابل شکست 33 رنز کے ساتھ تین وکٹیں حاصل کیں، جس نے پاکستان کو 90 اوورز کے میچ میں ایک گیند پر کچھ پُرجوش کرکٹ کے بعد جیت دلائی۔ہوم کپتان رچرڈ میریمین نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کے اوور 60 ٹیم نے مقررہ 45 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنا کر اچھا ہدف مقرر کیا. حالانکہ وہ طاقتور آغاز کے بعد بڑے مجموعے کے لیے تیار نظر آ رہے تھے۔ مونٹی ڈگلس زیادہ سے زیادہ گیندوں پر 87 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ اوپنر نک گرے ووڈ نے59 گیندوں پر 52 رنز اور جم فلپس نے21 گیندوں پر 32 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ پاکستان کی جانب سے ظفر علی نے 65 دے کر3 وکٹیں لیں اور صغیر عباس 50 رنز دے کر2 وکٹوں کے ساتھ نمایاں بولر رہے۔