• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن نقوی سے کرکٹرز کی ملاقات، کرکٹ کی بہتری کیلئے سفارشات پیش

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات میں ملک کے موجودہ اور سابق کرکٹرز نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات پیش کیں۔کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر بھی گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ کاانفرااسٹرکچر بہتر بنانے اور4 روزہ میچز اور انڈر 19 کے ٹورنامنٹس کرانے پر اتفاق رائے کیا گیا۔سابق کرکٹرز نے ونٹر سیزن کے ساتھ سمر سیزن میں بھی کرکٹ ٹورنامنٹس کرانے کی تجویز دی ۔اسلام آباد۔ پشاور اور دیگر شہروں میں کرکٹ اکیڈمیز بنانے کی سفارشات بھی پیش کی گئیں۔سابق کرکٹرز نےپاکستانی کوچز کے معیار اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین پر تحفظات کا اظہار کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپنز ون ٖڈے ٹورنامنٹ سیزن کے آغاز میں ہوگا جبکہ چیمپنز ٹرافی اور پی ایس ایل کی وجہ سے چیمپنز فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ اگلے سال مئی اور جون کے گرم موسم میں کرانے کی تجویز ہے۔سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ نے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ پہلے کرانے کی تجویز دی۔سابق کرکٹرز نے پاکستانی پچز کے معیار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔سابق کرکٹرز نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی کرکٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کرکٹ کی بہتری کیلئے جو کچھ کر سکتے ہیں کر گزریں گے۔

اسپورٹس سے مزید