• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، عدم پیشی پر قاسم سوری کی جائیداد کی تفصیلات طلب

اسلام آباد( رپورٹ:،رانا مسعود حسین) سپریم کورٹ نے عام انتخابات 2018میں این اے 265کوئٹہ میں متعلق انتخابی دھاندلی سے متعلق ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے امیدوار و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی عدالت میں عدم پیشی پر حکومت سے ان کی تمام جائداد کی تفصیلات طلب کرلی ہے جبکہ انکے مبینہ بیرون ملک فرار ہونے سے متعلق وفاقی حکومت اور ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ،عدالت نے وفاقی اور بلوچستان حکومت اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں قائم چار رکنی بینچ نے منگل کے روزکیس کی سماعت کی تو اپیل گزار قاسم سوری عدالتی نوٹس کے باوجود بھی غیر حاضر تھے، چیف جسٹس نے آبزرویشن دی کہ قاسم سوری سپریم کورٹ سے حکم امتناع لیکر اپنے عہدہ پر بیٹھ گئے تھے ،فاضل چیف جسٹس نے سوال اٹھایا کہ کیا حکم امتناع کے اجراء کے بعد کیس نہیں چلے گا؟انہوںنے کہاکہ قاسم سوری نے حکم امتناع پر بطور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ایک غیر آئینی اقدام کیا تھا ،قومی اسمبلی کی ایک قرار داد کو جواز بنا کر انہوںنے عدم اعتماد کی تحریک کو مسترد کردیاتھا ،دوران سماعت قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے عدالت کے استفسار پربتایا کہ میرا اپنے مو کل سے کوئی رابطہ نہیں ہے ،جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ آپ اپنے کلائنٹ کو پکڑ کر تو نہیں لا سکتے ہیں ؟آپ رابطہ کرکے انہیں آگاہ کریں کہ ہم سپریم کورٹ کو ایسے استعمال نہیں ہونے دیں گے،جس پر فاضل وکیل نے کہاکہ جو بھی کرنا ہے جلدی سے کر دیں،آپ مجھے حکم دیتے ہیں تو میں کیس چھوڑ دیتا ہوں،جس پر چیف جسٹس نے ازراء تفنن کہاکہ میں اتنے خوبصورت شخص کو کیسے کہہ سکتا ہوں کہ کیس چھوڑ دے ،جس پر کمرہ عدالت میں ایک قہقہ بلند ہوا اور فاضل وکیل نے کہا کہ اگر مجھے علم ہوتا تو میں تو آج میک اپ کرکے آتا،جس پر ایک او رقہقہ بلند ہوا اور چیف جسٹس نے کہا مجھے آپ کی ایک بات بہت پسند ہے کہ آپ ہر وقت مسکراتے رہتے ہیں،،جسٹس مسرت ہلالی نے فاضل وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ عدالت سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟آپ انکو ہمارا پیغام پہنچائیں،جس پر انہوںنے کہاکہ میراان سے کوئی رابطہ ہی نہیں ہے۔
اہم خبریں سے مزید