کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپیشل جج بینکنگ کورٹ نے صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور، انور مجید، حسین لوائی اور دیگر کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کروڑوں روپےمنتقل کرنےکے مقدمے کے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر کیس فائل پیش کرنے کا حکم دیدیاہے۔ مقدمےکی سماعت شروع ہوئی تو پیپلز پارٹی رہنماء رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور اور دیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے۔ انور مجید کے وکیل نے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کرائی جو عدالت نے منظور کرلی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے کی فائل نیب حکام نے ابھی تک حوالے نہیں کی ہے۔ عدالت سے استدعاہےکہ چیئرمین نیب کو نوٹس کیا جائے اور انھیں ہدایت کی جائےکہ وہ مقدمےکی فائل ایف آئی اے کو فراہم کرے۔