• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی بورڈ کے میٹرک امتحانات نتائج کا اعلان، 73 فیصد امیدوار کامیاب

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک امتحان کے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں نتائج کے حوالے سے تقریب میں چیئرمین ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن کمیٹی راولپنڈی ایم این اے قمر الاسلام راجہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔تقریب میں ایم این اے ملک ابرار، اراکین صوبائی اسمبلی راجہ حنیف ایڈووکیٹ، ضیا اللہ شاہ، ملک افتخار، فلک شیر اعوان، رفعت عباسی، شازیہ رضوان،ڈی سی چکوال قرۃ العین،اے ڈی سی ہیڈ کوارٹر راولپنڈی ڈاکٹر زنیرہ آفتاب، چیئرمین راولپنڈی بورڈ محمد عدنان خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو میڈلز اور انعامات سے نوازا گیا۔میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان میں 1لاکھ 20ہزار14 میں سے 1لاکھ 19ہزار 2سو 65 امیدواروں نے حصہ لیا۔87ہزار 6سو 39 امیدوار کامیاب ہوئے۔کامیاب ہونے والے امیدواران کی شرح 73.49 فیصدرہی۔ طلبہ کی کامیابی کی شرح 66.3 جبکہ طالبات کی کامیابی شرح 80.6 فیصد رہی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر الاسلام راجہ نے کہا کہ کامیاب طلبہ و طالبات کو مری کے گورنر ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔طلبہ و طالبات کو تمام سہولیات دیں گے تاکہ وہ جدید تعلیم سے آراستہ ہوں۔
اسلام آباد سے مزید