نئی دہلی،اسلام آباد (اے ایف پی،محمد صالح ظافر) بھارت آئندہ سال سے سالانہ یوم قتل آئین منانے کا اعلان کردیا ہے، یہ دن وزیر اعظم نریندر مودی کے اہم سیاسی حریف خاندان سے منسلک ایک تاریک تاریخی باب کی یاد میں منایا جائے گا۔ 25 جون، 2025 کو ایمرجنسی کے نفاذکو 50 سال ہوجائیں گے، اس روز اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ایک عدالتی فیصلے کے ردعمل میں آئین کو معطل کر دیا تھا،فیصلے سے ان کے اقتدار کو خطرہ تھا۔آئندہ مہینوں میں ہزاروں کارکنوں کو جیلوں میں ڈالا گیا، پریس کی آزادیوں کو معطل کیا گیا اور ایک مکروہ لازمی نس بندی کی مہم دیکھی گئی ،جس نے آبادی پر قابو پانے کی ناکام کوشش میں لاکھوں مردوں کو نس بندی کروانے پر مجبور کیا۔نریندرمودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ دن اس بات کی یاد دہانی کرائے گا کہ اس وقت کیا ہوا جب بھارت کے آئین کو پامال کیا گیا ،یہ ہر اس شخص کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بھی دن ہے ،جو ایمرجنسی کی زیادتیوں کی وجہ سے متاثر ہوا۔نئے یوم یاد گار کا اعلان کرنے والے ایک حکومتی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 25 جون کو بھارتیوں سے مستقبل میں طاقت کے اس طرح کے بے جا استعمال کی حمایت نہ کرنے کا دوبارہ وعدہ کیا جائے گا۔اندرا گاندھی آزادی کے بعد بھارت کے پہلے رہنما جواہر لال نہرو کی بیٹی تھیں، جن کی کانگریس پارٹی نے برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی کے خلاف کامیاب جنگ کی قیادت کی۔