اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) نئی دہلی میں بھارتی وزارت خزانہ کی عمارت نارتھ بلاک میں بھارت کے سالانہ بجٹ کی تیاری کے اختتام اور اسے پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے سے قبل بڑے کڑاھے میں حلوہ بناکر ا سے افسروں اور اہلکار وں کو کھلانے کی تقریب ہوتی ہے بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو ایسی ہی سالانہ تقریب میں بھارت کی خاتون وزیر خزانہ نرملا سیتھارمن نے شرکت کی اور حلوے کی تیاری میں حصہ لیا۔ مالی سال کا بھارتی بجٹ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں منگل 23جولائی کو پیش کیا جارہا ہے۔ بھارتی وزیر خزانہ نے اپنے وزیر مملکت پنکج چوہدری سمیت تمام متعلقہ افسروں اور اہلکاروں کو اپنے ہاتھ سے کٹوروں میں ڈال کر گرم گرم حلوہ پیش کیا جسے انہوں نے جھک کر شکریہ کے ساتھ قبول کیا اور کھایا۔ بھارتی وزارت خزانہ کی یہ انوکھی رسم پاکستان میں بجٹ کی منظوری سے بہت مختلف ہے جہاں ارکان پارلیمنٹ کو بجٹ کی منظوری کے دنوں میں صبح کے ناشتے سے لے کر رات کے عشایئے تک دن بھر پرتکلف پکوانوں سے یہ کام کیا جاتا ہے۔ اس دوران آخری دن کے ظہرانے میں وزیراعظم بھی شریک ہوتے ہیں پاکستان کی پارلیمنٹ کھانوں کی یہ ضیافتیں حکومتی اور حزب اختلاف دونوں طرف کے ارکان کیلئے فراوانی سے دستیاب ہوتی ہیں بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ حلوے کی ضیافت عموماً بجٹ پیش کیے جانے سے پانچ روز قبل ہوتی ہے اس مرتبہ یہ سات دن پہلے انجام دے دی گئی ہے۔