• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سڑک پر چلتے شخص کو کہا گیا آؤ انصاف دیتے ہیں، نواز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ )قائد پاکستان مسلم لیگ (ن) محمدنوازشریف نے کہا ہے کہ سڑک پر چلتے شخص کو کہا گیا آو انصاف دیتے ہیں، پوچھتا ہوں ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بجلی بلز سب کیلئے مصیبت،ترقی کرتا ملک گڑھے میں گرادیا گیا،فیصلے دینے والے عوام کی پروا کریں،ریلیف کیلئے جو کرنا پڑے کریں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ بجلی کا بل کوئی بھی ادا نہیں کرسکتا یہ غریب لوگوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ہر ایک کے مصیبت بن چکاہے، ہم نے اپنے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کی او ربجلی کا نرخ بھی کنٹرول میں رکھا۔ 

انہوں نے کہا کہ 2017ء تک بجلی کے بل کم اور ڈالر کا نرخ نیچے تھا، 2018ء سے نظر لگی اور غریب پس کر رہ گیا۔ سڑک پر پھرتے شخص کو کہا گیا آؤ ہم تمہیں انصاف دیں گے۔ میں پوچھتا ہوں اس ملک کے ساتھ ظلم کرنے کی ضرورت کیا ہے۔ ہم نے آئی ایم ایف کو واپس بھیج دیا تھا بعدمیں کون لایا تھا؟ سب کو پتہ ہے۔

محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔ ترقی کرتا ہوا ملک گڑھے میں گرا دیا، فیصلے دینے والوں کو اب بھی سوچنا ہوگا۔ عوام کی پرواہ کریں، ریلیف کے لئے جو بھی کرنا پڑتا ہے کریں۔ 

اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، معاون خصوصی برائے وزیراعظم رانا ثناء اللہ خان، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ایم این اے بلال اظہر کیانی، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز اوردیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

اہم خبریں سے مزید