اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین سے تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد میں کسی بھی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا، چینی اعلی قیادت پاکستان میں سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کیلئے پر عزم ہے،پاکستان میں چینی صنعت کی منتقلی سے ملکی معیشت کی بہتری، روزگار کے نئے مواقع اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ہفتہ کو وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت دورہ چین میں ہوئے معاہدوں پر پیش رفت اور پاک چین تعاون کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ وزیراعظم کو مختلف منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو وزیرِ منصوبہ بندی نے اپنے حالیہ دورہِ چین کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ سکھر حیدر آباد موٹروے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مکمل کیا جائے گا،چین میں ایک ہزار طلباءکو سرکاری خرچ پر جدید زرعی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے بھیجنے کیلئے لائحہ عمل مکمل ہو چکا ہے،رواں تعلیمی سال کے آغاز پر طلباء کی پہلی کھیپ چین بھیجی جا رہی ہے۔