• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلادیش، عدالتی حکم پر کوٹا سسٹم میں تبدیلی کے باوجود ہڑتال، احتجاج جاری

ڈھاکا، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں کیلئے متنازع کوٹہ سسٹم کی بحالی کا ہائی کورٹ کا فیصلہ منسوخ کر دیا ہے، کوٹہ سسٹم کی بحالی کے خلاف سماعت میں سپریم کورٹ نے 93 فیصد سرکاری ملازمتیں اہلیت پر مبنی نظام کے تحت مختص کرنے کا حکم دیا، احتجاجی طلبہ کے ایک گروپ نے کہا ہے کہ ’سپریم کورٹ کے فیصلے باوجود احتجاج جاری رکھا جائے گا۔‘ طلبہ تنظیم ’سٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسکرمینیشن‘ کے ترجمان نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم اس وقت تک اپنا احتجاج ختم نہیں کریں گے جب تک حکومت ہمارے مطالبات کے مطابق کوئی حکم جاری نہیں کرتی۔‘ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ سسٹم سے متعلق ہائی کورٹ کے اس حکم پر عمل درآمد روک دیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں طلبا کی قیادت میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔ بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل اے ایم امین الدین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ کے ایک حکم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ʼʼہائی کورٹ کا وہ فیصلہ غیر قانونی تھا،‘‘ جس میں کوٹہ نظام کو دوبارہ متعارف کرایا گیا تھا۔ عدالت نے مزید کہا کہ سول سروسز کے شعبے میں نوکریوں کا صرف پانچ فیصد حصہ ہی ایسے سابق فوجیوں کے اہل خانہ یا لواحقین کے لیے رکھا جائے، جنہوں نے سن 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ میں حصہ لیا تھا جبکہ باقی دو فیصد آسامیاں ایسی سرکاری ملازمتوں کے لیے دیگر زمروں میں مختص رہیں گی۔ اس مقدمے میں شریک ایک وکیل شاہ منظور الحق نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے یونیورسٹی طلبا کو اپنی تعلیم جاری رکھنے کے لیے دوبارہ کلاسوں میں جانے کا حکم بھی دیا ہے۔ واضح رہے کہ ملک گیر پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر حکومت نے تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیے تھے۔ بنگلہ دیشی حکومت کی طرف سے سن 2018میں کوٹہ کے قوانین کو ختم کر دیا گیا تھا لیکن رواں برس ان کے دوبارہ متعارف کرائے جانے کے آغاز سے اب تک ہزارہا یونیورسٹی طلبا سراپا احتجاج ہیں۔ رواں ہفتے ہونے والے طالب علموں کے مظاہرے وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مسلسل چوتھی مدت کے لیے سربراہ حکومت منتخب کیے جانے کے بعد سے ملک میں ہونے والے سب سے بڑے احتجاجی مظاہرے تھے۔

اہم خبریں سے مزید