راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت سے رواں برس انٹی ڈینگی مہم کیلئے ڈیلی ویجز پر 15سوسینٹری پٹرول بھرتی کرنے کی اجازت نہ ملنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ ا تھارٹی راولپنڈی نےگریڈ سترہ کے215مرد و خواتین افسران کو انسداد ڈینگی مہم میں تعینات کر دیا۔ہیلتھ نیوٹریشنل اور اے ڈی ہیلتھ سپروائزرز کو ان کے متعین شدہ فرائض کی بجائے یونین کونسلوں میں انسداد ڈینگی مہم میں ان ڈور و آئوٹ ڈورسرولینس پر لگادیا گیا ہےحالانکہ محکمہ صحت نے جنرل ڈیوٹی پر پابندی لگا رکھی ہے۔خواتین افسران کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ لوگوں کے گھروں میں جائیں اور چھتوں پر پانی کی ٹینکیاں چیک کریں۔ذرائع کے مطابق خواتین کا کام سرکاری سکولوں میں بچوں کی سکریننگ کرنا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ ا تھارٹی کے پاس 1350مستقل سینٹری پٹرول اور42اینٹا مالوجسٹ موجود ہیں جبکہ210کے لگ بھگ گھوسٹ ملازمین الگ ہیں۔